بنگلورو،30؍مئی(ایس او نیوز) ریاست کے صوفی سنتوں اور مشائخ نے کانگریس قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ سینئر کانگریس رہنما اور ساتویں بار اسمبلی کے لئے منتخب جناب آر روشن بیگ کو نائب وزیراعلیٰ کاعہدہ دیا جائے۔
اکھیلا کرناٹکا صوفی سنترا سنگھا کے عہدیداروں نے آج پریس کلب میں منعقدہ اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جناب روشن بیگ ریاست کے واحد سیاسی قائد ہیں جو تمام طبقوں کو ایک ساتھ لے کر فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور سیکولرزم کی بقاء کے لئے جدوجہد میں لگے ہوئے ہیں۔ اقتدار پر ان کے طویل تجربے اور سرکاری امور میں ان کی مہارت سے موجودہ حکومت کو بھرپور استفادہ کرناچاہئے۔ اسی بنیاد پر جناب روشن بیگ کو موجودہ حکومت میں نائب وزیراعلیٰ بنانا ضروری ہے۔
ان لوگوں نے کہاکہ ریاست میں سب سے بڑے طبقے مسلمانوں کو سیاسی پارٹیوں نے محض اپنا ووٹ بینک بناکر استعمال کرنے کی کوشش کی ہے ۔ سیاسی ، سماجی ، معاشی اور دیگر محاذوں پر بارہا اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ ناانصافی ہوتی رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جناب روشن بیگ جب بھی کسی سرکاری منصب پر فائز رہے انہوں نے مسلمانوں کے ساتھ ناانصافی ہونے نہیں دی اور اگر ہوئی تو اس کے خلاف آواز اٹھانے میں پیش پیش رہے۔ آج جبکہ ریاستی اسمبلی میں مسلمانوں کی نمائندگی گھٹ چکی ہے، ایسے میں اس بڑے طبقے کی موثر آواز بن کر جناب روشن بیگ ہی کام کرسکتے ہیں۔ ان صوفی سنتوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ سیاسی پارٹیاں مسلمانوں کے ووٹ بٹورنے کے بعد انہیں فراموش کردیتی ہیں ، سیاسی سطح پر منظم طریقے سے نمائندگی سے محروم کیاجاتاہے تو سماجی ، معاشی اور دیگر سطحوں پر مسلمانوں کو آگے بڑھنے کا موقع نہیں دیاجاتا۔
ان لوگوں نے کہا کہ جسٹس راجندر سچر کمیٹی نے مسلمانوں کو تمام محاذوں پر انتہائی پسماندہ قرار دیا، اس کے باوجود بھی سیاسی پارٹیاں اس طبقے کی ووٹ بٹورنے کے بعد اسے کچلنے کی کوشش کررہی ہیں۔ سات بار اسمبلی کے لئے منتخب ہوکر ریاست میں مسلمانوں کا ایک نمائندہ چہرہ کہلانے والے جناب روشن بیگ کو نائب وزیراعلیٰ بناکر سرکاری سطح پر مسلمانوں کی ایک موثر آواز کا موقع پر دیا جاناچاہئے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ان کے مطالبے سے سنجیدگی سے نہیں لیاگیا تو کانگریس کے خلاف ریاست گیر پیمانے پر تحریک شروع کی جائے گی۔
پریس کانفرنس میں صوفی سنترا سنگھا کے صدر سید تاج الدین احمدنور دریا ،کنوینر صوفی ولی باقادری ، جوائنٹ سکریٹری بانکے نواب عبرت علی شاہ، صوفی امین علی شاہ، سید شرف الدین شاہ، سیدہ زینب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے چیرمین ، عتیق احمد ، وظیفہ یاب اے سی پی اور منہاج القرآن کے چیرمین این اے حیات شریف، دُرویش ویلفیر ٹرسٹ کے سید عظمت اﷲ شاہ وغیرہ موجود تھے۔